کراچی (18فروری2021) کراچی ڈویژن کے لیاری کے حلقہ پی ایس 107 سے تحریک لبیک پاکستان کے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی محمد یونس سومرو نے پی ایس ایل میچوں کے نام پر انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی بندش کے معاملے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے نام پر عوام کو ان کے گھروں تک محصور کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو تحفظ فراہم کرنا سیکورٹی اداروں کا کام ہے ۔ عوام کو قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے ۔نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف میں اہم ترین شاہراہیں گزرتی ہیں جن کی بندش انتہائی غیر ضروری اقدام ہے ۔انہوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنے جائز حقوق کیلئے عوام روڈ بند کریں تو دہشت گردی کے پرچے کاٹے جاتے ہیں جبکہ سرکاری پروٹوکول کے نام پر آئے روز اہم سڑکوں کی بندش معمول بن چکاہے ۔کرکٹ میچوں کے نام پر روڈ کی بندش سے ہزاروں محنت کشوں کو اپنے روزگار پر جانے کےلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔علاوہ ازیں ٹی ایل پی کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد یونس سومرو نے اعلیٰ ٹریفک حکام سے امید ظاہر کرتے ہوئےکہا کہ اس بار ٹریفک حکام بہترین حکمت عملی اپنا کر عوامی مفاد کے اقدامات اٹھائیں گے تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جاسکے ۔۔