کراچی (22فروری2021) تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کے امیر علامہ رضی حسینی نے کراچی کے اضلاع سے آئے ہوئے ضلعی امراء کے خصوصی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ۔مگر باقاعدہ منصوبے کے تحت کراچی کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔پچھلی حکومتوں بالخصوص پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے مسلسل کراچی کی آبادی کو کم دکھانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی درست مردم شماری کی صورت میں کراچی شہر کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کے سبب ہونے والی زبردست نمائندگی سے خوفزدہ ہے ۔انہوں نے دیگر جماعتوں پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ کچھ جماعتوں نے کراچی کی مردم شماری کو لسانیت کی بھینٹ چڑھانے کی ناکام کوشش کی ہے جس کی ہم سختی سے مذمت کرتے ہیں ۔اہل سندھ بیدار ہو چکےہیں، سندھ کے عوام کو لسانیت اور قوم پرستی کی بنیاد پر مزید بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔انہوں نے کراچی کے خلاف ایک طویل عرصے سے جاری منظم سازشوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو تاریکی میں دھکیلنے والے خود بھی روشنی سے محروم ہی رہیں گے ۔انہوں نے حکمرانوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی آبادی کو کم دکھاکر کراچی کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے ۔سابقہ ادوار میں مردم شماری کے نام پر صرف ڈھونگ رچایا جاتا رہا ہے ۔جو اب برداشت سے باہر ہو چکا ہے۔شفاف مردم شماری سے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے ۔کراچی کے خلاف سازش صوبہ سندھ کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے ۔۔لہٰذا موجوده حکمرانوں کو چاہیے کہ کراچی میں فی الفور ترجیحی بنیادوں پر نئے سرے سے مردم شماری کروائیں۔تاکہ سندھ کے سب سے بڑی آبادی والے شہر اور دارالخلافہ کراچی کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکے ۔ اجلاس کی سربراہی امیر کراچی علامہ رضی حسینی نے کی۔۔ جبکہ ضلع ملیر سے علامہ عبدالسمیع نیازی، ضلع وسطی سے علامہ عمر فاروق قادری، ضلع شرقی سے محمد آصف قادری، ضلع غربی سے سید کاشف شاہ، ضلع جنوبی سے علامہ شاکر مدنی، ضلع کورنگی سے علامہ ابو بکر امجدی نے اجلاس میں شرکت کی ۔