کراچی (19فروری2021) تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نے کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ سرکار کی ناقص پالیسیوں نے سندھ کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نے سندھ میں روز بروز اشیاء صرف کی بڑھتی قیمتوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سرکار اشیاء صرف کی قیمتوں کی طرف بھی تھوڑی توجہ مركوز کرلے ۔ مختلف اشیاء صرف کی خریدو فروخت سے وابستہ افراد کی جانب سے روز مره کے استعمال کی چیزوں مثلا آٹا ، چینی ، گھی اور دودھ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ معمول بن چکاہے ۔ حکومت پرائس کنٹرول میں ناکام ہو چکی ہے ۔۔ایسا لگتا ہے جیسے حکومت خود مافیا کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹ رہی ہے ۔۔ایک طرف مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کو دو وقت کی روٹی بھی آسانی سے میسر نہیں ہو پا رہی ۔ دوسری طرف حکومت اقتدار کے نشے میں بدمست پڑی ہے ۔صوبائی حکومت کی جانب سے من پسند افراد کو نوازنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سندھ کے نوجوانوں کو بلا تفریق روزگار کی فراہمی یقینی بنائے علاوہ ازیں علامہ رضی حسینی نے کہا کہ نوجوان ملک و ملت کا اہم اثاثہ ہیں لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ مختلف سرکاری محکموں میں نوکریوں پر لگائی گئی غیر اعلانیہ پابندی کو ختم کرے ۔ٹی ایل پی کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ کے نوجوانوں میں بڑھتا ہوا احساس محرومی ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے فی الفور اقدامات کرے ۔