کراچی (27فروری2021) تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کیامیر علامہ رضی حسینی نے حکومت سندھ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت میرٹ کا قتل عام بند کرے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے۔سندھ حکومت نے اقرباء پروری کی انتہا کر کے میرٹ کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں۔اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے من پسند افراد کو بغیر کسی اہلیت کے نوازا جارہا ہے۔ دوسری جانب انہوں نے سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی کی ابتر حالت پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بوگس مردم شماری اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کرپٹ سسٹم کو بے نقاب کر چکی ہے۔ مردم شماری کسی بھی ملک، صوبہ،شہر یا گاؤں کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ جبکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی کو نام نہاد مردم شماری کے تحت انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔۔ سڑکوں کی ابتر حالت، سرکاری ہسپتالوں کی قلت، تعلیم اور روزگار کے مسائل نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ آخر میں علامہ رضی حسینی نے تمام حکومتی اداروں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فی الفور از سر نو شفاف مردم شماری نہ کروائی گئی اور میرٹ کا قتل عام بند نہ کیا گیا تو بد ترین انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔